مانسہرہ: اراضی کے تنازع پر فائرنگ، 4 افراد قتل اور 2 زخمی، ملزم گرفتار
خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں تھانہ صدر کی حدود متیال گاؤں میں اراضی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد کے قتل سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا اور فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیں، مرنے والوں میں چن زیب ولد عبدالرحمٰن ،عبداللہ ولد سلمان، رفاقت اور حقنواز پسران محمد انور شامل ہیں۔
فائرنگ کے نتیجے زخمی ہونے والوں میں سلیمان ولد خدا بخش اور ثنا اللہ ولد محمد یونس شامل ہیں ، جنہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ منتقل کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز ملزم عبد الحمید ولد یونس اپنے بھتیجے کے ہمراہ متہال میں اپنے قریبی عزیز کے گھر فاتحہ خوانی کے لیے گیا جہاں ان کے دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے۔
گفتگو کے دوران ملزم کی وہاں موجود دیگر لوگوں سے تلخ کلامی ہوئی اور پھر معاملہ فائرنگ تک پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر مانسہرہ کے ڈی ایس پی خود جائے وقوع پر موجود ہیں اور تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے
رپورٹ: پوائنٹ نیوز ڈیجیٹل